پاکستان سے ایران جانیوالے زائرین کو اغوا کروانے والے نیٹ ورک کا کارندہ گرفتار
(لاہور نیوز) ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کے اغوا کی مد میں رقوم بذریعہ حوالہ ہنڈی بھجوانے والے نیٹ ورک کا کارندہ گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد ادریس کے نام سے ہوئی ہے، ملزم نے ایران میں نیٹ ورک کےذریعے پاکستان سے ایران جانیوالے 2 شہریوں کو اغوا کروایا۔
ملزم نے متاثرین کے لواحقین سے تاوان کی مد میں 50 لاکھ روپے وصول کئے، ملزم نے اپنے مکروہ دھندے کو چھپانے کیلئے رقوم کی بیرون ملک منتقلی بذریعہ حوالہ ہنڈی کی۔
ملزم ایران میں نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان سے ایران جانیوالے زائرین کواغوا کرواتا اور متاثرین کو رہا کروانے کی مد میں لواحقین سے بھاری رقوم وصول کرتا تھا، ملزم مکروہ دھندے کو چھپانے کیلئے رقوم کی بیرون ملک منتقلی بذریعہ حوالہ ہنڈی بھی کرتا، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
