وزیر اعلیٰ مریم نواز کی علی پور آمد، سیلاب سے ہونیوالے نقصانات کے ازالے کی یقین دہانی
(لاہور نیوز) پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور پہنچ گئیں، جہاں اُنہوں نے سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو امدادی رقوم کے چیک پیش کئے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے انہیں بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سیلاب سے متاثر علی پور شہر کا دورہ کیا، مریم نواز گورنمنٹ ہائی سکول علی پور میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ بھی گئیں، اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو امدادی رقوم کے چیک پیش کئے۔
مریم نواز نے سیلاب متاثرین سے بات چیت کی، سیلاب متاثرہ خواتین کو دلاسہ دیا اور نقصانات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی، دیگ سے خود سالن ڈال کر سیلاب متاثرین کو پیش کیا، وہ خود جاکر ہر خاتون اور بچوں کو کھانا پیش کرتی رہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سیلاب متاثرہ خواتین کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔ اس موقع پر ننھی بچیاں وزیر اعلی سے لپٹ گئیں، انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپ میں کمسن بچی کی خواہش پر کرکٹ بھی کھیلی۔
اس موقع پر مریم نواز نے بچوں سے پڑھائی کے بارے میں پوچھا اور سیلاب متاثرین سے فلڈ ریلیف کیمپ میں میسر سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا جبکہ متاثرہ خاندانوں کو تحائف بھی پیش کئے، امدادی سرگرمیوں میں معاونت پر پاک نیوی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
