(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے رہنما اعجاز چودھری کی نو مئی کے مقدمات میں سزاؤں کیخلاف دائر اپیلوں پر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سے مقدمات کی مکمل تفصیلات طلب کر لیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اپیلوں پر سماعت کی، جس میں انسداد دہشت گردی عدالت کی سزاؤں کو چیلنج کیا گیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے اعجاز چودھری کو چار مختلف مقدمات میں قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی، دوران سماعت مقدمات کے تفتیشی افسر بھی ڈی ایس پی جاوید آصف کے ہمراہ پیش ہوئے۔
درخواست گزار کی جانب سے اپیلوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ مقدمات بے بنیاد اور سیاسی انتقام پر مبنی ہیں، سزائیں سناتے وقت حقائق کو نظر انداز کیا گیا ہے، اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ سزائوں کو کالعدم قرار دیا جائے، اپیلوں پر مزید کارروائی 25 ستمبر کو ہو گی۔
