پنجاب میں تاریخ ساز سیلاب: 22 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے، سینئر وزیر مریم اورنگزیب
(لاہور نیوز) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے صوبے میں جاری سیلابی صورتحال کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کر دیئے، جس کے مطابق اب تک 4,155 دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں، 22 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے جبکہ 56 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی براہ راست نگرانی میں صوبے کی تاریخ کی سب سے بڑی ریسکیو اور ریلیف مہم جاری ہے، 23 اگست سے 7 ستمبر 2025 تک 22 لاکھ سے زائد متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے 42 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 15 لاکھ ایکڑ زرعی رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، دریائے چناب سے 1,957 دیہات، دریائے راوی سے 1,477، دریائے ستلج سے 625 اور دریائے سندھ سے 96 دیہات متاثر ہوئے، جہاں 2 لاکھ 44 ہزار 404 افراد سیلاب کی لپیٹ میں آئے۔
بحران پر قابو پانے کے لیے 494 میڈیکل کیمپس اور 413 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جو 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 500 سے زائد ویٹرنری میڈیکل کیمپس بھی مویشیوں کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں، مریم اورنگزیب نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں مچھر مار سپرے جاری ہے۔
موبائل فیلڈ ہسپتالوں کے ذریعے خوراک، صاف پانی، انسولین اور دیگر ضروری ادویات متاثرین تک پہنچائی جا رہی ہیں، 1,000 سے زائد موبائل ہیلتھ یونٹس، جن میں "کلینک آن ویلز" اور ماں اور بچے کی دیکھ بھال کے لیے مخصوص وینز شامل ہیں، متاثرہ علاقوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے مختلف سرکاری اداروں بشمول ہاؤسنگ، میونسپل کارپوریشنز، واسا اور مقامی حکومتوں کے درمیان مربوط کوششوں کو سراہا جنہوں نے پنجاب بھر میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کو مؤثر انداز میں انجام دیا۔
