(لاہور نیوز) گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ یہ وقت سیاست چمکانے کا نہیں ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سیلاب کی اس مشکل گھڑی میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ایک پیج پر ہیں۔
گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان سے صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر اور ایم این اے، صدر مسلم لیگ ن لاہور سیف الملوک کھوکھر نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
سردار سلیم حیدر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین اور کارکنوں کے لئے کھلے ہیں، موجودہ سیلابی صورتحال میں سیاسی جماعتیں عوامی خدمت کرتی نظر آتی ہیں۔
گورنرپنجاب نے کہا کہ فیصل کھوکھر ایک نوجوان صوبائی وزیر کھیل ہیں جو پڑھے لکھے نوجوانوں کے لئے ایک مثال ہیں، ایک سیاسی جماعت نے نوجوانوں کو سیاست کی آڑ میں ملکی اداروں کے خلاف نفرت کے بیج بوئے، سیلاب کے دوران یہ سیاسی جماعت اس مشکل گھڑی میں کہیں بھی عوام کی خدمت کرتے نظر نہیں آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کیلئے فیلڈ مارشل عاصم منیر خوف کی علامت ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی دو مختلف جماعتیں ہیں مگر ملکی سالمیت کی خاطر سیاسی جماعتیں نہیں بلکہ ایک قوم ہیں۔
