گجرات میں سیلابی پانی کی سطح میں تیزی سے کمی، وزیراعلیٰ مریم نواز کا اظہار اطمینان
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گجرات میں سیلابی پانی کے نکاس کے عمل میں تیزی آنے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ گجرات میں سیلابی پانی کی سطح میں تیزی سے کمی پرآ رہی ہے، فوارہ چوک کلیئر ہوچکا ہے، الحمدللہ گجرات شہر میں صورتحال تیزی سے بہتری کی طرف گامزن ہے، جلد شہری اس مشکل سے مکمل نجات پائیں گے انشاء اللہ، صرف ایک دن میں سیلابی پانی کی سطح میں دو فٹ کمی آنا آپریشن کی کامیابی کی علامت ہے الحمدللہ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام ٹیم کو شاباش دی اور متعلقہ صوبائی سیکرٹریز، افسران اور عملے کی کاوشوں کی تحسین کی ہے۔
مریم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلابی پانی کا بہاؤ موڑنے کے لیے لورائی کے مقام پر کام جاری ہے،مزید بارش یا پانی کے دباؤ میں اضافے کی صورت میں لورائی کو محفوظ اور مضبوط کرنے کے لیے مناسب افرادی قوت اور سامان موجود ہے۔
واسا، محکمہ آبپاشی کے افسران اور عملہ، سی اینڈ ڈبلیو کے چیف اور ایگزیکٹو انجینئر سمیت دیگر حکام فیلڈ آپریشن میں مصروف ہیں، واسا کے 8 ایگزیکٹو انجینئرز بھی گجرات آپریشن میں موجود ہیں۔
ڈرون کیمروں کے ذریعے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے علاقوں کی نشاندہی کر لی گئی، محکمہ آبپاشی کے حکام تحقیقی مطالعہ کر رہے ہیں جو مستقبل کی منصوبہ بندی میں شامل کیا جائے گا، انشاءاللہ، یہ عمل سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنائے گا۔
واسا کا باضابطہ ادارہ بننے سے گجرات میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور سیوریج کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہوں گے۔
