بارشیں اور سیلاب: پنجاب میں قومی اسمبلی کے 5، پنجاب کے 4 حلقوں میں الیکشن ملتوی
(لاہور نیوز) پنجاب میں بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے 5 اور پنجاب اسمبلی کے 4 حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی کر دیئے۔
گزشتہ دنوں کے دوران پی ٹی آئی کے کئی ارکان قومی اسمبلی کو نو مئی کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالتوں سے قید کی سزائیں ہونے کے ساتھ نا اہل بھی قرار دے دیا گیا۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے پنجاب کے حلقہ این اے 66 وزیر آباد ، این اے 129 لاہور، این اے 143 ساہیوال، این اے 104 اور این اے 96 فیصل آباد میں ضمنی انتخابات کروانے کے لئے تاریخیں مقرر کر کے انتخابی عمل کا شیڈول جاری کر رکھا تھا۔
صوبائی اسمبلی کے چار حلقوں میں بھی پی ٹی آئی کے ارکان کی نا اہلی کے بعد ضمنی انتخابات کروانے کا اعلان کر دیا گیا تھا۔ ان چار صوبائی حلقوں میں پی پی 73 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 97 فیصل آباد، پی پی 203 ساہیوال شامل تھے تاہم آج الیکشن کمیشن نے ان تمام حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی کر دیئے ہیں۔
الیکشن کمیشن قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے ان حلقوں میں ضمنی انتخابات کی نئی تاریخ کا اعلان سیلاب کی صورتحال کے خاتمہ کے بعد کرے گا۔
