(لاہور نیوز) سیلاب میں گھرے متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کا عزم کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کو کلینک آن بوٹ شروع کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ کلینک آن بوٹ پراجیکٹ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں آپریشنل ہو گا، کلینک آن بوٹ ان علاقوں میں جائیگی جہاں کلینک آن ویلز کی رسائی ممکن نہیں۔
صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں صوبہ بھر کی سی ای او ہیلتھ اور ایم ایس نے آن لائن شرکت کی، دوران اجلاس سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت و آبادی کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا، وزیر صحت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انسداد ڈینگی کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت کی۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ڈینگی سرویلنس میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے، فلڈ ریلیف کیمپس میں خواتین کے ہائی جین کے مسائل کے حل کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔
صوبائی وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ تمام فیسیلیٹیز میں سانپ سے کاٹنے کی ویکسین موجود ہونی چاہیے، سانپ سے کاٹنے کی ویکسین سمیت کسی بھی دوائی کی کمی فوری رپورٹ ہونی چاہیے، اینٹی ریبیز ویکسین کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ پوسٹ فلڈ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاری مکمل رکھیں۔
