(لاہور نیوز) شہر میں ہونے والی وقفے وقفے کی بارش نے لیسکو کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر کر دیا۔
گزشتہ روز سے جاری ہلکی اور مسلسل بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں 55 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق بارش کے باعث نہ صرف فیڈرز متاثر ہوئے بلکہ متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمرز خراب ہونے کی شکایات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، مسلسل بارش اور نمی کے باعث تکنیکی خرابیوں کی شرح بڑھ گئی ہے، جبکہ انفرادی شکایات کی بھی بھرمار سامنے آ رہی ہے، جنہیں فوری طور پر حل کرنا لیسکو کے لئے چیلنج بن چکا ہے۔
شہر کے کئی علاقے رات بھر بجلی سے محروم رہے، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی اور گرمی میں بے آرامی کا سامنا کرنا پڑا، شکایات کے ازالے میں تاخیر پر صارفین کی جانب سے برہمی کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔
لیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت کمپنی کو سٹاف کی کمی کا سامنا ہے، جس کے باعث صارفین متاثر ہو رہے ہیں، سب ڈویژنز میں لائن سٹاف کی شدید قلت ہے، جس کی وجہ سے انفرادی سطح پر آنے والی شکایات کا فوری ازالہ ممکن نہیں رہا۔
