وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر فلڈ ریلیف کیمپس قائم، بچوں کی تعلیم کا سلسلہ بھی شروع
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لاہور میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے، ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کے تحت کیمپس میں بچوں کی تعلیم کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لاہور میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس میں بچوں کی تعلیم کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے ریلیف کیمپس میں انتظامات کی 24 گھنٹے نگرانی رکھنے ہدایات جاری کر دیں، اسسٹنٹ کمشنرز نے ریلیف کیمپس میں بچوں کیلئے کلاسز کا اہتمام کیا۔
شفیق آباد ریلیف کیمپ میں 63 اور سنٹرل ماڈل سکول کیمپ میں 55 بچے زیر تعلیم ہیں جبکہ ریلیف کیمپس میں بچوں کو مصروف رکھنے اور تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے کلاسزکا انعقاد کیا گیا ہے، ڈی سی نے اسسٹنٹ کمشنرز کو متاثرین کیلئے تمام بنیادی ضروریات یقینی بنانےکی ہدایت بھی کی۔
جاری کر دہ ہدایات کے مطابق ریلیف کیمپس میں متاثرین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں تاخیر نہ کی جائے، تمام کیمپس میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے، سیلاب سے متاثرہ تمام افراد کو خوراک اور محفوظ رہائشگاہ فراہم کی جائے، مؤثر امدادی کارروائیوں کیلئے تمام محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔
