(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کے چارے کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبے کے مختلف سیلاب زدہ اضلاع میں سبز چارہ اور ونڈا فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں موجود مویشیوں کو غذائی کمی کا سامنا نہ ہو۔
لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ نے سیلاب زدہ علاقوں میں ایڈوائزری سروس بھی فراہم کی ہے، جس کے ذریعے کسانوں کو مویشیوں کی دیکھ بھال اور انہیں غذائیت کی فراہمی کے بارے میں رہنمائی دی جا رہی ہے۔
مویشیوں کے چارے کی فراہمی کا عمل ساہیوال، شیخوپورہ، گجرات، جھنگ، بہاولنگر، فیصل آباد اور گوجرانوالہ جیسے سیلاب زدہ اضلاع میں جاری ہے، اسی طرح پاکپتن میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فلڈ ریلیف کیمپوں میں انمول ونڈا بھی تقسیم کیا گیا۔
حافظ آباد، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، بہاولپور اور وہاڑی میں بھی مویشیوں کیلئے چارہ اور ونڈا فراہم کیا گیا، محکمہ زراعت کا عملہ ریلیف کیمپوں میں مویشیوں کیلئے چارہ فراہم کر رہا ہے تاکہ انہیں بہتر غذا مل سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر اب تک تقریباً ساڑھے پانچ لاکھ مویشی سیلاب زدہ علاقوں سے دوسرے محفوظ مقامات پر منتقل کئے جا چکے ہیں، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تلوار پوسٹ میں خود مویشیوں کی سیلاب زدہ علاقوں سے آمد کا مشاہدہ کیا اور اس عمل کے مزید تسلسل کیلئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب متاثرہ افراد اور ان کے مویشیوں کیلئے ہر ممکنہ مدد فراہم کرے گی، ہمیں یہ بات سمجھنی چاہئے کہ سیلاب صرف انسانوں کیلئے نہیں بلکہ ان کے مویشیوں کیلئے بھی ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، مویشی نہ صرف روزگار کا ذریعہ ہیں بلکہ کسانوں کیلئے زندگی کی بنیاد ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں اور حکومت کا مقصد ہر صورت متاثرین کو جلد سے جلد ریلیف فراہم کرنا ہے۔
