ایکسپوسینٹر میں2روزہ کلراینڈ کیم نمائش اختتام پذیر،کروڑوں کے تجارتی معاہدے طے
(لاہور نیوز)ایکسپو سینٹر میں منعقدہ2 روزہ کلر اینڈ کیم نمائش کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔ ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل کے تحت منعقدہ نمائش میں 150 سے زائد ملکی و غیرملکی کمپنیوں نے شرکت کی، کروڑوں روپے کے تجارتی معاہدے طے پائے۔
نمائش کے آرگنائزر راشدالحق کاکہناہے کہ چین،ایران، ترکی، جرمنی، اسپین، انڈونیشیا کی کمپنیوں نے نمائش میں حصہ لیا اور اپنی مصنوعات متعارف کرائیں۔انہوں نے بتایا کہ کلر اینڈ کیم نمائش میں کروڑوں روپے کے کاروباری سودے ہوئے ہیں۔
نمائش کے آخری دن ویونگ اے گرینر فیوچر کانفرنس بھی منعقد ہوئی جس میں جنرل سیکریٹری چائنا ڈائی اسٹف انڈسٹری ایسوسی ایشن ژو یونگ کائی نے بھی شریک ہوئے۔ یہ کانفرنس اے اے ٹی سی سی پاکستان سیکشن کے زیرِاہتمام منعقد کی گئی۔
کانفرنس سے چیف ایگزیکٹو رینبو انکس و چیئرمین اے اے ٹی سی سی پاکستان سیکشن عبدالرحیم چغتائی نے بھی خطاب کیا۔ ’’اکیڈمیا اور انڈسٹری کے درمیان پائیدار ترقی کے لیے پل‘‘ کے موضوع پر پینل ڈسکشن بھی ہوا جس کی نظامت ڈاکٹر احسن نذیر (این ٹی یو) نے کی۔ پینل میں شاہ رخ شہباز (آئی ٹیکسٹائلز)، عبدالسمیع گل (اسٹائل ٹیکسٹائلز پرائیویٹ لمیٹڈ)، ابوبکر مروت (انٹرلوپ) اور ڈاکٹر نذکت علی نے شرکت کی۔
مقررین نے تحقیق، جدت اور صنعتی طریقوں کو یکجا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ بعد ازاں ڈاکٹر احسن نذیر نے ’’ٹیکسٹائل میں سرکلر ڈائنگ پریکٹسز کے لیے ٹریسی ایبلٹی کی اہمیت‘‘ پر تحقیقی پریزنٹیشن دی، جبکہ نعیم منہاس (بزنس منیجر، ایس جی ایس) نے ’’ٹیکسٹائل ٹیسٹنگ کے قومی اور عالمی معیار‘‘ پر اظہار خیال کیا۔
