(ویب ڈیسک) پنجاب میں سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو غذائیت سے بھرپور لنچ مفت ملے گا۔
پنجاب فوڈاتھارٹی نےسکول نیوٹریشن پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں لاہور ڈویژن کے اضلاع میں 40 منتخب سکولوں میں تجرباتی پروجیکٹ کا آغاز ہوگا۔
نیوٹریشن پروگرام کے تحت پہلی سے پانچویں جماعت تک بچوں کو روزانہ دوپہر کو صحت بخش لنچ باکس فراہم کئے جائیں گے۔ بچوں کے لنچ باکس میں چاول، سبزیاں، دالیں اور دیگر صحت مند غذائیں ان کی جسمانی گروتھ کے لئے درکار اجزا کے درست تناسب کے ساتھ فراہم کی جائیں گی۔
اس تجرباتی پروگرام کی فنڈنگ کیلئے افسران اور ملازمین اپنی تنخواہیں بھی بطور عطیہ دیں گے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی تین تنخواہیں، افسران دو اور ملازمین ایک تنخواہ پروگرام کیلئے دیں گے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نیوٹریشن پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف این جی اوزسے مدد لے گی۔
بچوں کی صحت اور تندرستی کا تین ماہ بعد تجزیہ کیا جائے گا۔ اسسمنٹ میں مجموعی جسمانی گروتھ، نظر کی بہتری کو جانچا جائے گا۔
لنچ باکس کی تیاری سے تقسیم تک تمام مراحل کی مانیٹرنگ فوڈ اتھارٹی کرے گی۔
