(لاہور نیوز) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیرصدارت پی ڈی ایم اے کے کمیٹی روم میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متاثرہ اضلاع میں انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس کے دوران صوبے کے متاثرہ اضلاع میں اضافی انتظامی افسران کی فوری تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا تاکہ مقامی سطح پر امدادی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں چلایا جا سکے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے اور ریسکیو و ریلیف آپریشنز کے لئے وسائل کی دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
اجلاس میں متاثرہ اضلاع میں تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کیلئے بند رکھنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، تاکہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
چیف سیکرٹری نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہیں۔
