(لاہور نیوز) چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی زیر صدارت لیسکو ہیڈکوارٹر میں ای کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
ای کچہری میں بڑی تعداد میں صارفین نے شرکت کی اور اوور بلنگ، نئے کنکشنز میں تاخیر، خراب میٹرز کی عدم تبدیلی سمیت دیگر مسائل کے انبار لگا دیئے۔
ای کچہری میں جنرل منیجر آپریشنز اعجاز بھٹی اور ڈی جی رائے اصغر نے بھی شرکت کی، صارفین نے لیسکو انتظامیہ کو درپیش مسائل تفصیل سے بیان کئے اور فوری حل کا مطالبہ کیا۔
سی ای او لیسکو انجینئر رمضان بٹ نے تمام شکایات نہ صرف سنی بلکہ موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ صارفین کے مسائل کو فوری، شفاف اور مؤثر طریقے سے حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا صارفین کے مسائل کا بروقت اور شفاف حل ہماری اولین ترجیح ہے، لیسکو کی کامیابی براہ راست صارفین کے اعتماد سے جڑی ہوئی ہے اور شکایات کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
