(لاہور نیوز) ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، روزمرہ استعمال کی اشیاء، بالخصوص سبزیاں، پھل اور گوشت مہنگے ہو چکے ہیں۔
مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، پیاز 100 روپے، ٹماٹر 140 روپے، لہسن 400 روپے، ادرک 600 روپے، سبز مرچ 150 روپے، جبکہ لیموں 200 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے، دیگر سبزیوں میں ٹینڈے 260، آلو 120، کریلے 240، گوبھی 180 اور بھنڈی 220 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
پھلوں کی قیمتیں بھی شہریوں کی سکت سے باہر ہو چکی ہیں، پپیتا 650، سیب 420، مسمی، خوبانی اور آڑو 400، انگور 420 جبکہ ناشپاتی 350 روپے فی کلو دستیاب ہے۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے نرخ نامے تو جاری کئے جاتے ہیں، لیکن ان پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔
برائلر گوشت کی قیمتوں میں بھی شدید بےچینی پائی جاتی ہے، سرکاری نرخ 595 روپے فی کلو مقرر ہے، مگر مارکیٹ میں برائلر گوشت 720 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ صافی گوشت کی قیمت 850 روپے فی کلو ہو چکی ہے۔
زندہ برائلر 470 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، سرکاری قیمت 299 روپے فی درجن مقرر ہے، مگر مارکیٹ میں انڈے 330 روپے درجن کے حساب سے فروخت کئے جا رہے ہیں۔
