(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ٹیموں کو ریسکیو آپریشنز، متاثرہ آبادیوں اور مویشیوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ہدایت کی ہے۔
آئی جی پنجاب نے قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، لودھراں، مظفرگڑھ اورملتان سمیت مختلف اضلاع میں پولیس کو ہمہ وقت مستعد رہنے اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کی خود نگرانی کرنے کے احکامات جاری کیے۔
پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی گئی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانڈ کریں، ریلیف کیمپس قائم کیے جائیں اور متاثرہ افراد کو قیام و طعام، ادویات اور تحفظ فراہم کیا جائے،آر پی اوز، ڈی پی اوز متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں۔
آئی جی پنجاب نے ضلعی حکومت اور ریسکیو اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ متاثرہ آبادیوں کے بروقت انخلاء اورامدادی سرگرمیوں کو موثر بنایا جا سکے۔
دریا کنارے آباد دیہاتوں میں امدادی ٹیموں کی پٹرولنگ بڑھانے اور دریائی چیک پوسٹوں پر نگرانی کا عمل جاری رکھنے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔
