(لاہور نیوز) شہر کے اُفق پر بادلوں نے ڈیرے ڈال لئے، کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
گڑھی شاہو، لکشمی چوک، سٹیشن، بیڈن روڈ میں بونداباندی، مغل پورہ، فتح گڑھ، ہربنس پورہ، تاجپورہ میں تیز بارش ہوئی، بارش سے شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا، حبس میں نمایاں کمی محسوس کی جانے لگی، ہوا کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ، نمی کا تناسب 95 فیصد تک جا پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 27 اگست تک وقفے وقفے سے بادل برسیں گے، جبکہ شمال مشرقی و مشرقی پنجاب، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب شمال مشرقی پنجاب میں تیز اور موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، وزیر آباد، ساہیوال، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، قصور، اوکاڑہ، نارووال، جھنگ، فیصل آباد، چینوٹ، سیالکوٹ اور شیخوپورہ میں بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، بونیر، کوہاٹ، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، بلوچستان کے علاقے بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، کوہلو، سبی، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ، قلات اور خضدار میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
