24 Aug 2025
(لاہور نیوز) ملک بھر سے ایک لاکھ 18 ہزار 60 حج درخواستیں موصول ہوئیں، سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کا عمل مکمل ہونے پر درخواستوں کی مزید وصولی روک دی گئی ہے۔
حج درخواستیں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی گئیں،17 روز میں عازمین نے آن لائن اور منتخب بینکوں کے ذریعے درخواستیں جمع کرائیں، عازمین نے طویل اور مختصر دورانیے کے حج کے لئے درخواستیں جمع کرائیں جبکہ وزارت مذہبی امور نے نصف حج اخراجات پہلی قسط کے طور پر وصول کیے۔
حج کے باقی اخراجات دوسری قسط میں وصول کئےجائیں گے، حج واجبات کی دوسری قسط کی وصولی یکم نومبر سے شروع کی جائے گی۔سرکاری سکیم کے تحت حج اخراجات کا تخمینہ ساڑھے گیارہ لاکھ سے ساڑھے بارہ لاکھ روپے ہے۔
واضح رہے کہ وزارت مذہبی امور نے حج درخواستوں کی وصولی کا عمل ماضی کے مقابلے میں قبل از وقت مکمل کیا ہے۔
