(لاہور نیوز) لیاقت آباد کے علاقے میں معمولی تلخ کے بعد طیش میں آکر شہری نے قینچی کے پے در پے وار کر کے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن ڈویژن اخلاق اللہ تارڑ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سپیشل ٹیم تشکیل دی، ایس ایچ او لیاقت آباد نے دیگر پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم نفیس کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے بعد معلوم ہوا ہے کہ ملزم مقتول کے گھر گیا تھا جہاں پر دونوں کی کسی بات پر تلخ کلامی ہو گئی اور طیش میں آکر ملزم نے چھریوں کے وار کر کے اسے زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی کو مقامی افراد نے فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا جہاں پر وہ چند گھنٹے زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا، پولیس نے نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانہ بھجوا دیا ہے جبکہ ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرنے کے بعد مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔
