(لاہور نیوز) پی آئی اے روڈ پر واقع ایک ریسٹورنٹ سے کھانا کھانے کے بعد دو کمسن بچیوں کی ہلاکت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ متاثرہ بچوں کے والد محمد عظیم کی مدعیت میں درج کر لیا۔
واقعہ کی تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاندان نے 16 اگست کی رات پی آئی اے روڈ پر موجود ریسٹورنٹ سے کھانا خریدا اور گھر پہنچنے کے بعد تینوں بچوں کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔
6 سالہ تحریم اور 4 سالہ ارحا کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 18 اور 19 اگست کی رات کو شیخ زید ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئیں۔ متاثرہ بچیوں کا بھائی حاشر بھی بیمار ہوا تاہم وہ بروقت علاج سے صحت یاب ہو گیا۔
تھانہ ستوکتلہ میں ریسٹورنٹ مالکان کے خلاف زہریلا کھانا فراہم کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
