(لاہور نیوز) لاہور سمیت صوبے بھر میں ضلعی انتظامیہ نے چینی سمیت تمام اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات تیز کر دیئے ہیں۔
حکام کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر بازاروں اور مارکیٹوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے تاکہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کو روکا جا سکے۔
گراں فروشی کی 12 مختلف خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 45 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں، یہ کارروائیاں مارکیٹ کنٹرول اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کی پالیسی کے تحت عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی سخت نگرانی کے باعث آلو، سیب، کیلا اور دیگر متعدد سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں استحکام دیکھا جا رہا ہے، جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، عوام کو ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی مقررہ نرخ سے زائد قیمت پر اشیاء فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
