(لاہور نیوز) پنجاب پبلک سروس کمیشن نے مختلف محکموں میں بھرتی کے نتائج کا اعلان کر دیا، محکمہ پولیس، مائنز اینڈ منرلز اور دیگر محکمہ جات شامل ہیں۔
ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن کے مطابق محکمہ آبپاشی میں لاہور کیلئے ضلعدار کی 9 اسامیوں پر 41 امیدوار، ضلع بہاولپور کیلئے ضلعدار کی 13 اسامیوں پر 66 امیدوار، ڈیرہ غازی خان کیلئے 3 اسامیوں پر 15 امیدوار، گریٹر تھل کینال کیلئے ضلعدار کی 2 اسامیوں پر 10 امیدوار اور ملتان کیلئے ضلعدار کی 11 اسامیوں پر 52 امیدوار کامیاب قرار پائے۔
کامیاب امیدواروں میں محمد عدنان گجر، محمد شہزاد شاکر، عتیق الرحمان، اللہ بخش ودیگر شامل ہیں، محکمہ سماجی بہبود و بیت المال میں اسسٹنٹ کی آسامیوں پر امیدواروں کو کامیاب قرار دے کر صوبائی حکومت کو سفارش کر دی گئی۔
محکمہ آبپاشی ملتان میں جونیئر کمپیوٹر آپریٹر کی 35 اسامیوں پر امیدواروں کو فائنل قرار دیا گیا جبکہ خواتین اور اقلیتی کوٹے پر کچھ نشستیں موزوں امیدوار نہ ہونے کی وجہ سے خالی رہ گئیں۔
محکمہ مائنز اینڈ منرلز میں انگلش لیکچرر کی آسامی پر ایک امیدوار کو کامیاب قرار دیا گیا، پنجاب پولیس میں سروس کوٹہ کے تحت سب انسپکٹر گوجرانوالہ ریجن کی 60 اسامیوں پر کامیاب امیدواروں کی فہرست جاری کر دی گئی جبکہ 7 نشستیں موزوں امیدوار نہ ہونے کی وجہ سے خالی رہ گئیں۔
