22 Aug 2025
(لاہور نیوز) ضلعی انتظامیہ لاہور نے شہر کو تجاوزات سے پاک اور صاف ستھرا بنانے کیلئے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں جاری انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران 625 غیر قانونی اشیاء ضبط کر لی گئیں جبکہ 1293 بینرز، فلیکسز اور دیگر تشہیری مواد کو ہٹا دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے تک یہ آپریشنز بلاتعطل جاری رکھے جائیں گے، تجاوزات نہ صرف شہریوں کے لئے مشکلات کا باعث بنتی ہیں بلکہ لاہور جیسے تاریخی شہر کی خوبصورتی اور شناخت کو بھی متاثر کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خلاف جاری مہم سے شہر کی تاریخی اور ثقافتی خوبصورتی مزید نمایاں ہو رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ قانون کی عملداری سختی سے اور بلاامتیاز نافذ کی جائے۔
