21 Aug 2025
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا "اپنی چھت اپنا گھر پروگرام" بازی لے گیا، درخواست گزاروں کی تعداد 7 لاکھ 55 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
سرکاری اداروں میں کم آمدن ملازمین کی سہولت کیلئے محکموں میں خصوصی مہم کا آغاز ہو گا، وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔
سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ ،ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بریفنگ دی۔
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا کہنا تھا کہ پنجاب ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں،محکمہ صحت، تعلیم و دیگر میں خصوصی کاؤنٹرز لگائے جائینگے، کم آمدن والے ملازمین کو گھروں کی تعمیر کیلئے 15 لاکھ تک بلاسود قرض دیئے جائینگے، اب تک 79 ارب 34 کروڑ کی خطیر رقم مستحق خاندانوں میں تقسیم کی جا چکی ہے، اقساط کی مد میں 1 ارب 37 کروڑ روپے کی رقم ریکوری بھی خزانے میں جمع ہو چکی ہے۔
