(لاہور نیوز) وفاقی حکومت نے بجلی کے پیک اور آف پیک آورز کے اوقات میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس فیصلے کا مقصد سولر سسٹم کے بڑھتے استعمال کے بعد بجلی کی طلب میں کمی سے پیدا ہونے والے مسائل کو حل کرنا ہے۔
نیپرا نے ٹائم آف یوز ٹیرف میں تبدیلی کیلئے لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کو مراسلے ارسال کر دیئے ہیں، کمپنیوں سے پیک آورز کو رات 11 بجے تک محدود کرنے کی تجاویز مانگی گئی ہیں۔
کمپنیوں میں اس وقت شام 7 بجے سے رات 11 بجے تک پیک آورز تصور کئے جاتے ہیں، رات 11 بجے کے بعد تمام اوقات کار آف پیک آورز میں شامل ہیں۔
سولر سسٹم کی تنصیب سے صارفین پیک آورز میں سسٹم سے بجلی کم استعمال کرتے ہیں، اس کی وجہ سے پاور سیکٹر کو مالی نقصان کا سامنا ہے کیونکہ بجلی کم فروخت ہوتی ہے۔
وفاق نے پیک آورز میں صارفین کیلئے مہنگے داموں ٹیرف نافذ کیا ہوا ہے تاکہ بجلی کا استعمال کم کیا جا سکے۔
