(لاہور نیوز) علی احمد کیانی ایڈووکیٹ کی نئی کتاب "جٹی آپا" شائع ہو گئی، جس میں بڑی بہن کی عظمت اور پہاڑی تہذیب و ثقافت کو شد و مد سے بیان کیا گیا ہے۔
معروف قانون دان اور شاعر، علی احمد کیانی ایڈووکیٹ کی آٹھویں کتاب، جٹی آپا شائع ہو کر منظر عام پر آ گئی ہے، علی احمد کیانی پیشہ کے اعتبار سے وکیل ہیں تاہم وکالت کے ساتھ ساتھ وہ شاعری اور کالم نگاری بھی کرتے ہیں۔
یہ کتاب دراصل ان کی بڑی بہن کے حالات زندگی پر مبنی ہے جس میں انہوں نے ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ پہاڑی تہذیب و ثقافت کے خوبصورت رنگ بھی دکھائے ہیں جبکہ ساتھ ہی مشرقی معاشرے میں بہن کے عظیم کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
جٹی آپا کے عنوان سے لکھی جانے والی یہ کتاب صنف کے اعتبار سے سوانح عمری ہے جو اردو ادب میں ایک اہم اور خوب صورت اضافہ ہے، جٹی آپا درحقیقت ایک ایسی کتاب ہے جو بہن کے مقام کا احاطہ کرتی ہے اور اُس کی محبت، ایثار اور قربانیوں کو لفظوں میں پرو کر ایک زندہ اور جاوید داستان میں تبدیل کر دیتی ہے۔
اس کتاب میں نامور مصنف و محقق ممتاز غزنی، مصنفہ کہانی نویس، ناول نگار فلک زاہد اور معروف قانون دان صاحبزادہ اشرف عاصمی کے تاثراتی مضمون بھی شامل ہیں۔
