(لاہور نیوز) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں خراب کارکردگی دکھانے والے اساتذہ اور سکول سربراہان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ رواں سال جن سکولز اور اساتذہ کے نتائج تسلی بخش نہ ہوئے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی جس میں معطلی یا تبادلے جیسے اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ اساتذہ تعلیمی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، لیکن ذمہ داری پوری نہ کرنے والوں کیلئے اب رعایت نہیں ہو گی، 20 اگست کو نویں جماعت کے سالانہ نتائج کا اعلان کیا جائے گا جس کے بعد کارکردگی کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جن اساتذہ اور سکول سربراہان نے بہترین نتائج دیئے انہیں سرکاری سطح پر انعامات اور تعریفی اسناد دی جائیں گی تاکہ محنت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
