فوڈ اتھارٹی کے چھاپے: لاہور اور گرد و نواح میں ہزاروں لیٹر جعلی دودھ، مضر صحت گوشت تلف
(لاہور نیوز) ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب عاصم جاوید کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور اور گردونواح میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی دودھ، مردہ بکریاں اور مضر صحت گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا۔
3 ہزار لیٹر جعلی دودھ تلف، 2 مری ہوئی بکریاں برآمد جبکہ 2 من مضر صحت گوشت تلف کر دیا گیا، اس کے علاوہ ایک دودھ کی سپلائر گاڑی اور ایک عدد موٹر سائیکل قبضے میں لے لی گئی، 488 لیٹر ناقص آئل، 175 کلو دودھ پاوڈر اور 4 پمپ بھی ضبط کر لئے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب عاصم جاوید کے مطابق نواحی علاقے دھاریاں میں ایک موٹر سائیکل پر مردہ بکریاں سپلائی کی جا رہی تھیں، جنہیں ذبح شدہ ظاہر کرنے کیلئے گردن پر کٹ لگائے گئے تھے، ویٹرنری سپیشلسٹ نے جانوروں کا معائنہ کر کے انہیں مردہ اور ان کا گوشت انسانی صحت کیلئے مضر قرار دیا جس کے بعد گوشت تلف کر کے موٹرسائیکل اور سپلائر کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق رائیونڈ روڈ پر جعلی دودھ تیار کرنے والے یونٹ کو بھی رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے، موقع پر کئے گئے ٹیسٹ بھی ناکام ہوئے جبکہ جعلی دودھ کو پاوڈر، ویجیٹیبل گھی اور دیگر ممنوعہ اشیاء سے تیار کیا جا رہا تھا جو صحت کیلئے شدید خطرہ ہے۔
