(لاہور نیوز) 14 اگست کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔
ہر طرف سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں اور برقی قمقمے نظر آ رہے ہیں اور شہر کی فضا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، بازاروں میں گہما گہمی عروج پر ہے، جہاں شہری آزادی کے رنگوں سے مزین مختلف اشیا خریدنے میں مصروف ہیں۔
جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر، شہر سجا ہوا
جشن آزادی کے موقع پر شہر کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے، اہم سرکاری و نجی عمارات قومی پرچم، جھنڈیوں اور رنگ برنگی برقی قمقموں سے آراستہ کی گئی ہیں، حضوری باغ میں 14 اگست کی مرکزی تقریب کی ریہرسل آج ہو گی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی۔
بازاروں میں خوشی کا سماں
گنپت روڈ، اردو بازار اور دیگر گلی محلوں میں 14 اگست کی مناسبت سے سٹالز سج گئے ہیں جہاں بچے، جوان، بزرگ اور خواتین خریداری میں مصروف ہیں، قومی پرچم کے رنگوں سے مزین کھلونے، شرٹس، بیجز اور سٹیکرز لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اس بار جشن آزادی کو بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا اور وطن سے محبت کا اظہار کیا جائے گا۔
ننھی دنیا کا وطن سے محبت کا اظہار
جشن آزادی کی تیاریاں بچوں میں بھی عروج پر ہیں، سبز ہلالی پرچم تھامے بچے خوشی سے سرشار ہیں اور ملی نغموں کی دھن پر ریہرسلیں جاری ہیں، بچوں کے چہروں پر پرچم پینٹ کئے گئے ہیں اور ہاتھوں میں بیج، جھنڈیاں اور دیگر رنگا رنگ اشیا دیکھی جا سکتی ہیں، بچوں کی یہ خوشی وطن سے محبت کی جیتی جاگتی مثال بن گئی ہے، شہریوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ اپنے جشن آزادی کے لمحات لاہور نیوز کے ساتھ شیئر کریں۔
سول سیکرٹریٹ اور نمائش کی رونمائی
سول سیکرٹریٹ کو بھی قمقموں اور سبز ہلالی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور نے یوم آزادی کی نمائش کا افتتاح کیا جس میں تحریک پاکستان کی تصاویر اور اہم دستاویزات رکھی گئی ہیں جو اس دن کی اہمیت اور تاریخ کو اجاگر کرتی ہیں۔
پنجاب حکومت کا منفرد جشن آزادی
صوبہ بھر میں جشن آزادی کی تقریبات جاری ہیں اور اس مرتبہ پنجاب حکومت اس دن کو منفرد انداز میں منا رہی ہے، معرکہ حق کے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فوج اور ہمارے شاہینوں نے تاریخی مثالیں قائم کی ہیں اور ہمیں اپنے ہیروز کی قربانیوں کو یاد کرنا چاہئے، انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں سے درخواست کی کہ وہ احتجاج کے بجائے آزادی کا جشن منائیں۔
یہ دن پاکستان کے بانیوں کی قربانیوں اور پاک وطن کیلئے کی جانے والی جدوجہد کا غماز ہے اور پورے ملک میں اس کی مناسبت سے تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، یوم آزادی کا یہ دن نہ صرف خوشی کا ہے بلکہ حب الوطنی اور قومی یکجہتی کا بھی مظہر ہے۔
