(لاہور نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ایک تاریخ ساز قانون کا بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے قومی اسمبلی میں خواتین کو غیر منصفانہ طور پر گھر سے بے دخل کرنے کو قابلِ سزا جرم قرار دینے کے لیے ترمیمی بل پیش کر دیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں تعزیرات پاکستان کی کئی شقوں میں ترامیم کا بل پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی شرمیلا فاروقی نے ایوان میں پیش کیا۔
مجوزہ ترمیم میں کہا گیا ہے کہ شوہر یا گھر کے کسی فرد کی جانب سے غیر منصفانہ طور پر خاتون کو گھر سے نکالنا جرم قرار دیا جائےجبکہ خاتون کو گھر سے نکالنے پر 3 سے 6 ماہ قید کی سزا دی جائے گی۔
مجوزہ ترمیم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خاتون کو گھر سے نکالنے کے جرم کا ارتکاب کرنے پر 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے، اس ترمیمی بل کے مطابق کسی خاتون کو گھر سے نکالنے کے مقدمات کی سماعت فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کرے گا۔
