
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ کیلئے ’’ہونہار سکالرشپ‘‘ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم’’ایکس‘‘ پر طلبا و طالبات کیلئے پیغام جاری کرتے ہوئے طلبہ کے خوابوں کو پنجاب کے مستقبل کی دھڑکن قرار دے دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے طلبہ کو مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ الحمدللہ، ہونہار سکالرشپ پروگرام کے ذریعے 80 ہزار نوجوان ذہنوں کو آگے بڑھنے کے پروں سے نوازا گیا ہے، ہونہار کا اگلے مرحلے کے لیے پورٹل اب کھل چکا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال آغاز سے اب تک یہ پروگرام 67 مستقبل ساز شعبوں میں مواقع فراہم کر رہا ہے تاکہ آپ وہ ہنر اور صلاحیتیں حاصل کریں جن سے آپ اپنی بہترین زندگی بنا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یقین کے ساتھ درخواست دیں، جذبے کے ساتھ پڑھائی کریں اور کبھی یقین نہ چھوڑیں کہ آپ کیا حاصل کر سکتے ہیں، آپ کی کامیابی ہمیشہ میرا سب سے بڑا فخر رہے گی۔