پنجاب: گندم کے کاشتکاروں کیلئے 100 ارب کے بلاسود قرض اور ٹارگٹڈ سبسڈی کی تجویز
(لاہور نیوز) گندم کی کاشت سے قبل حکومتِ پنجاب نے کاشتکاروں کی معاونت کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر جامع پروگرام تشکیل دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں بہتر پیدوار کے لئے گندم کی بروقت بوائی ضروری ہے،پنجاب میں 2ماہ میں کاشتکاروں کو 63 ارب کی سبسڈی دی گئی،کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں نے 50 ارب کے بلاسود قرض حاصل کئے،وزیراعلیٰ کے گندم سپورٹ پروگرام کے تحت 13 ارب سبسڈی دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے گندم کے کاشتکار کی معاونت اور پیدوار میں اضافہ کیلئے جامع پلان طلب کر لیا،گندم کی بوائی سے قبل زرعی مداخل کی لاگت میں کمی کیلئے اقدامات کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے گندم کی بوائی سے قبل کھاد کی وافر دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ مریم نوازنے ہدایت کی ہے کہ چھوٹے کاشتکار کو ریلیف کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے۔
گندم کی کاشت سے قبل 100ارب کے بلاسود قرضے دینے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ گندم کے کاشتکار کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، حکومت پورا ساتھ دے گی، پنجاب کے کاشتکار کو سب سے زیادہ سہولت ،حکومتی معاونت حاصل ہے۔
