پنجاب کیلئے 1100 بسیں متعارف کرائی جا رہی ہیں، کرایہ 20 رپے ہو گا، مریم نواز
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 1100 الیکٹرک بسیں پنجاب میں متعارف کرائی جا رہی ہیں جن کا کرایہ صرف 20 روپے ہو گا، بسیں صرف لاہور، فیصل آباد، پنڈی یا ملتان کیلئےنہیں ہر شہر کیلئے آرہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت گھروں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا، انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم نے لاہور میں ٹرام کا افتتاح کیا جو دیکھنے میں ٹرین لگتی ہے۔
مریم نواز نے وعدہ کیا کہ ایک سال کے اندر پنجاب سے پانی کی قلت ختم کر دی جائے گی، اربوں روپے کے منصوبے گھروں کی دہلیز تک پانی پہنچائیں گے جبکہ عوام کے لیے بند کی گئی مفت دوا کی سہولت بحال کر دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ آج 95 فیصد افراد کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، ٹی بی کے مریضوں کو 60 دن کی دوا گھر پہنچائی جا رہی ہے جبکہ انسولین پر منحصر بچوں کو بھی یہ سہولت دی گئی ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ’’کلینک آن وہیل‘‘ منصوبے کے تحت گلی گلی اور محلے محلے میں مفت علاج کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے، جرائم کی روک تھام کیلئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) قائم کیا گیا ہے، چند ماہ کے دوران صوبے میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے۔
