پی ٹی آئی کا احتجاج روکنے کیلئے سکیورٹی انتظامات، 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات
(لاہور نیوز) پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر لاہور پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق شہر بھر میں 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے، اہم شاہراہوں، چوراہوں اور حساس مقامات پر اینٹی رائیٹ فورس اور دیگر پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے، پولیس کے چاق و چوبند دستے پولیس لائنز میں ہنگامی صورتحال کے لئے الرٹ رہیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے احتجاجی سرگرمیوں کی نگرانی کی جائے گی، جہاں بھی پی ٹی آئی کے کارکن جمع ہوتے یا احتجاج کی کوشش کرتے نظر آئیں گے، فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا جائے گا۔
پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، اب تک درجنوں کارکنوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ادھر پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کی جا رہی ہے، تاہم تاحال کسی مرکزی رہنما کی جانب سے باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
