(ویب ڈیسک)ماہرین کی جانب سے اچھی صحت کو برقرار رکھنے کیلئے روزانہ بادام استعمال کرنے کی مقدار سے متعلق تحقیق جاری کردی گئی۔
محققین کے مطابق روزانہ 45 بادام کھانے سے معدے کی صحت میں نمایاں بہتری آتی ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ اتنی مقدار میں بادام کھانے سے میٹابولک امراض جیسے موٹاپے یا ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد کی خون کی شریانوں کی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔
مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ روزانہ 45 بادام کھانا بہت زیادہ محسوس ہوتا ہے۔اس حوالے سےماہر غذائیت نے بتایا کہ ضروری نہیں کہ آپ 45 بادام روزانہ کھائیں،23 باداموں کا استعمال بھی صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
انہوں نے روزانہ 30 گرام بادام استعمال کرنے سے صحت کو ہونے والے فوائد کے بارے میں بھی بتایا۔محققین نے کہا ہےکہ بادام کھانے کی عادت جسم میں نقصان دہ کولیسٹرول ایل ڈی ایل کی سطح میں کمی لاتی ہے اور صحت کے لیے مفید کولیسٹرول ایچ ڈی ایل کی سطح بڑھاتی ہے۔
بادام ورم کش اور اینٹی آکسائیڈنٹس خصوصیات سے لیس ہوتے ہیں جس سے بھی امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ باداموں میں کیلوریز کی تعداد زیادہ ہوتی ہے مگر اس گری کو کھانا جسمانی وزن میں اضافے اور موٹاپے کے خطرے کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ بادام میں موجود پروٹین اور فائبر جیسے اجزا پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرے رکھتے ہیں جس سے زیادہ کھانا کھانے کا امکان کم ہوتا ہے اور جسمانی وزن میں اضافے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
