
(لاہور نیوز) شہر میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد لیسکو کا بجلی کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہو گیا، 60 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔
متاثرہ علاقوں میں وسن پورہ، شالیمار، باغبانپورہ، راوی روڈ، قلعہ گجر سنگھ، چوبرجی پارک، ڈیوس روڈ، سمن آباد، مغل پورہ اور شاد باغ شامل ہیں جہاں شہری گھنٹوں سے بجلی کی بندش کا سامنا کر رہے ہیں۔
بارش کے دوران متعدد علاقوں سے ٹرانسفارمرز جلنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کی شکایات بھی موصول ہوئیں جس کے باعث بجلی بحالی کے کام میں مزید تاخیر کا سامنا ہے، لیسکو حکام کے مطابق تکنیکی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور بجلی کی جلد بحالی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ بارش کے بعد ہر بار بجلی کی فراہمی متاثر ہوتی ہے، لیکن مستقل حل کیلئے اقدامات نہیں کئے جا رہے، گھنٹوں بجلی بندش سے نہ صرف روزمرہ زندگی متاثر ہوئی ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں۔