(لاہور نیوز) نیلا گنبد انارکلی کی اپ گریڈیشن اور ری ماڈلنگ کا منصوبہ منظور ہو گیا، لاہور نیوز نے خصوصی تفصیلات حاصل کر لیں۔
تاریخی مقام نیلا گنبد انارکلی کی اپ گریڈیشن اور ری ماڈلنگ کا بڑا منصوبہ منظوری کے مرحلے سے گزر گیا ہے، ایل ڈی اے نے ٹیپا کے مجوزہ ڈیزائن کو باقاعدہ منظوری دے دی، جس کے تحت تین منزلہ بیسمنٹ پارکنگ اور دیگر جدید سہولیات تعمیر کی جائیں گی۔
لاہور نیوز نے نیلا گنبد اپ گریڈیشن کے ڈیزائن کی خصوصی نقول حاصل کر لی ہیں، اس منصوبے کا مجموعی تخمینہ دو ارب 22 کروڑ روپے لگایا گیا ہے اور اسے 25 مئی 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔
منصوبے کے مطابق بیسمنٹ ون 65 کروڑ 39 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر، تکمیل کی ڈیڈ لائن اپریل 2026 ہے، بیسمنٹ ٹو 24 کروڑ 11 لاکھ روپے، تکمیل کی ڈیڈ لائن فروری 2026 ہے، بیسمنٹ تھری 80 کروڑ 92 لاکھ روپے، تکمیل کی ڈیڈ لائن دسمبر 2025 ہے جبکہ گراؤنڈ فلور تین کروڑ 3 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت 29 درختوں کو محفوظ طریقے سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جائے گا تاکہ ماحولیاتی توازن برقرار رکھا جا سکے، تاہم، تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران 62 دکانیں اور نو رہائشی مکانات کو مسمار کیا جائے گا۔
