(لاہور نیوز) پنجاب پولیس ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے پوری طرح متحرک ہے۔
اوورلوڈنگ، اوورسپیڈنگ، کم عمر ڈرائیورز اور ون وے کی خلاف ورزی پر کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران اب تک 73 لاکھ سے زائد ٹریفک چالان کئے جا چکے ہیں، جن کے نتیجے میں 4 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں، یہ اقدام سڑکوں پر نظم و ضبط اور عوامی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔
ٹریفک قوانین کی پابندی کو فروغ دینے کیلئے 48 لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کئے جا چکے ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ شہری قانونی طریقے سے ڈرائیونگ کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دھواں چھوڑنے والی 2 لاکھ 50 ہزار گاڑیوں کا چالان کیا گیا، جن میں سے 22 ہزار 276 گاڑیاں تھانوں میں بند کر دی گئیں جبکہ 214 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ ضبط کر لئے گئے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے تمام اضلاع کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رکھیں تاکہ حادثات میں کمی آئے اور عوام کو محفوظ سفری سہولیات میسر ہوں۔
