
(لاہور نیوز) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج شام سے 31 جولائی تک بارشوں کی پیش گوئی کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موسم آج گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جس میں کم سے کم درجہ حرارت 29 اور زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مون سون کا پانچواں سپیل آج سے ملک میں داخل ہو گا جس کے باعث 31 جولائی تک مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہونے کا امکان ہے، لاہور میں آج بارش ہونے کے کم امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی طرف سے مون سون کے پانچویں سپیل کے حوالے سے الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے، شہریوں کو بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی قدرتی آفات سے بچا جا سکے۔