(لاہور نیوز) مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی، بازاروں میں سبزیوں، پھلوں، مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں ہوشربا اور خودساختہ اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سبزی منڈیوں سے لے کر محلہ سطح کے دکان دار تک ہر کوئی من مرضی کی قیمتیں وصول کر رہا ہے، ٹماٹر 180 روپے، پیاز 70 روپے، لہسن 350 روپے اور ادرک 550 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں، سبز مرچ 200 روپے، لیموں 440 روپے اور ٹینڈے 400 روپے فی کلو کی حد عبور کر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ آلو 140، بینگن 250، گوبھی 220 اور بھنڈی 260 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، جنہیں خریدنا اب ایک عام شہری کے لئے ناممکن بنتا جا رہا ہے۔
پھلوں کی قیمتیں بھی قابو سے باہر ہو چکی ہیں، کیلا 250 روپے فی درجن، پپیتا 500، خوبانی 400 روپے جبکہ جامن، سیب اور آڑو 350 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں، آم 300 اور گرما 200 روپے فی کلو کی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 8 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد گوشت 585 روپے فی کلو پر فروخت ہو رہا ہے، زندہ برائلر کی قیمت میں 5 روپے کی کمی ضرور ہوئی ہے، تاہم پرچون سطح پر یہ اب بھی 402 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں اس کی قیمت 389 روپے فی کلو ہے۔
انڈوں کی قیمت میں بھی روزانہ کی بنیاد پر ایک روپے کا اضافہ جاری ہے اور فی درجن انڈے 271 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں، انڈوں کی ایک پیٹی 8 ہزار 10 روپے میں دستیاب ہے، جو عام صارف کی قوت خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔
