(لاہور نیوز) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج ’’برین ڈے ‘‘منایا جا رہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد دماغی صحت اور دماغی بیماریوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔
ورلڈ برین ڈے ہر سال 22 جولائی کو منایا جاتا ہے، یہ دن انسانی دماغ کی اہمیت اور بیماریوں سے متعلق آگاہی دیتا ہے، 2014 ء سے ورلڈ فیڈریشن آف نیورالوجی نے اس دن کو منانے کا آغاز کیا، سال 2025ء کیلئے اس دن کا موضوع ’’ دماغی صحت، ہر عمر کے لوگوں کیلئے‘‘ رکھا گیا ہے۔
یہ بات تشویشناک ہے کہ دیگر بیماریوں کے مقابلے میں دماغی امراض کی روک تھام، علاج، تعلیم اور تحقیق کیلئے فنڈز محدود ہیں، دماغی معذوری کسی بھی فرد کو متاثر کر سکتی ہے، تاہم یہ قابل علاج ہے بس اسکے علاج تک رسائی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان کے 15 فیصد نوجوان ذہنی صحت کے مسائل کا شکار ہیں، ملک کے ضلعی ہسپتالوں اور بنیادی مراکزِ صحت میں اعصابی یا نفسیاتی نگہداشت کیلئے کوئی بنیادی سہولت دستیاب نہیں، ذہنی صحت ایک بنیادی انسانی حق ہے جسے زندگی کے ہر مرحلے پر ترجیح دی جانی چاہئے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ذہنی مسائل کی بروقت تشخیص، آسان زبان میں معلومات کی فراہمی، سستے علاج اور قومی سطح پر ذہنی مسائل پر تحقیق کو فروغ دے کر صورتحال پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
