لاہور: ہر سڑک کی اونچائی کا ایک ہی لیول ہو گا، سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل

(لاہور نیوز) سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ 15روز میں بوسیدہ حال سڑکوں کا سروے مکمل کر کے حتمی پلان تشکیل دیا جائے، لاہور میں ہر سڑک کی اونچائی کا ایک لیول مقرر ہو گا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا ہےکہ اگلے ایک سال میں سڑکوں کی اونچائی کی بحالی کا کام مکمل کیا جائے گا، تمام سڑکوں کو موزوں اونچائی تک لائیں گے، شہر کی بوسیدہ اور ٹوٹی سڑکوں سے پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا تاہم اس ضمن میں ٹیپا 15روز میں سروے مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایس او پیز کے اطلاق سے سڑکیں لمبے عرصے تک مضبوطی سے برقرار رہیں گی، سڑکوں کی موزوں اونچائی بحال کرنے سے لین جیو میٹری بہتر ہو گی، شہر میں ٹریفک کے دیرینہ مسئلے کا حل تکنیکی پہلوؤں کی بنیاد پر نکالا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہر کی خوبصورتی کو ماند ہونے سے بچا رہے ہیں جبکہ لاہور کی طرز پر بقیہ اضلاع کیلئے بھی ریگولیشنز وضع کی جائیں گی۔