
(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے ڈینگی سرویلنس کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کی ہدایت کر دی۔
ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، سی ای او ہیلتھ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ ڈینگی سرویلنس کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے کیونکہ آئندہ چند ہفتے اس حوالے سے نہایت اہم ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ ڈینگی کے خلاف جنگ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈی سی کے مطابق تمام افسران اور فیلڈ سٹاف کی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائی جائے، جبکہ کھلے مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے کی صورت میں مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
انہوں نے تمام ڈی ایچ اوز اور متعلقہ حکام کو ڈینگی سرویلنس کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو بھی باریک بینی سے جانچا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے بارشوں کے پیش نظر ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دینے کا حکم دیا اور کہا کہ گھروں کی چھتوں، گلیوں اور دیگر مقامات پر کھڑے پانی کو فوری طور پر صاف کیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی لاروا کو چھپانے کے بجائے اس کی نشاندہی اور فوری تلفی کو یقینی بنایا جائے۔