(لاہور نیوز) محکمہ تعلیم نے کرائے کی عمارتوں میں قائم سرکاری سکولوں کی کارکردگی اور معیار پر سوالات اٹھنے کے بعد انہیں بند کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں ایجوکیشن اتھارٹی نے ایک خصوصی انسپکشن کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کی سربراہی ڈپٹی ڈی ای او شاہد علی اور وسیم بٹ کریں گے۔
ترجمان ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق یہ کمیٹی کرائے کی عمارتوں میں قائم تمام سرکاری سکولوں کا تفصیلی جائزہ لے گی، کمیٹی عمارتوں کے معیاری تحفظ، تعلیمی ماحول، طلبہ کی تعداد، اساتذہ کی کارکردگی اور دیگر بنیادی سہولیات کا معائنہ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق ایسے سکول جو ناقص سہولیات یا غیر تسلی بخش تعلیمی نتائج کے حامل ہوں گے، انہیں بند کرنے کی سفارش کی جائے گی تاکہ تعلیمی وسائل کو بہتر اداروں پر مرکوز کیا جا سکے۔
ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور مالی وسائل کے مؤثر استعمال کے لئے اٹھایا جا رہا ہے۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی سکول بغیر مکمل انکوائری اور رپورٹ کے بند نہیں کیا جائے گا۔
