(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس کی کارروائی، پیشہ ور بھکاریوں کے چنگل سے 11 بچے بازیاب کرا لیے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق اینٹی بیگنگ سکواڈ کو حکم دیا گیا تھا کہ شہر میں سرگرم پیشہ ور بھکاریوں اور ان کے گروہوں کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے۔ اس حکم کے تحت ٹیم نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے ان بچوں کو تحویل میں لیا جو سڑکوں پر بھیک مانگنے پر مجبور تھے۔
سی ٹی او نے بتایا کہ ان بچوں کو فوری طور پر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو اور ایدھی ہومز کے حوالے کر دیا گیا ہے،ان میں سے 6 بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو، 3 کو ایدھی ہومز، جبکہ 2 بچوں کو ان کے والدین کے سپرد کیا گیا ہے اس شرط کے ساتھ کہ آئندہ وہ بھیک نہیں مانگیں گے۔
ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ پیشہ ور گداگر ان معصوم بچوں کو نا صرف بھیک منگوانے کے لیے استعمال کرتے ہیں بلکہ بعض اوقات دیگر جرائم میں بھی ملوث کرتے ہیں، جس کے سدباب کے لیے پولیس بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گی۔
