
(لاہور نیوز) مون سون بارشوں کے باعث شہر بھر میں بجلی کے میٹرز جلنے اور خراب ہونے کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہو گیا۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے مطابق خراب ہونے والے میٹرز کی تعداد 37 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مون سون سیزن کے دوران صارفین کے سنگل فیز اور تھری فیز میٹرز جلنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے، لیسکو کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 36 ہزار سنگل فیز جبکہ 2 ہزار 500 تھری فیز میٹرز خراب ہو چکے ہیں۔
محکمے کے حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ کے بلنگ سائیکل میں خراب میٹرز کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور مزید موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔
لیسکو نے حالیہ بارشوں سے متاثرہ میٹرز کو موجودہ بلنگ سائیکل میں ڈیفیکٹو کوڈ کے تحت شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کوڈ کے ذریعے صارفین کو اوسط بل جاری کیا جائے گا تاکہ متاثرہ صارفین کو وقتی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ادھر شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ خراب میٹرز کی فوری تبدیلی اور بلنگ نظام میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ صارفین پر غیر ضروری مالی بوجھ نہ پڑے۔