
(لاہور نیوز) بجلی چوری کے خلاف مؤثر کارروائی کیلئے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے مختلف علاقوں میں جدید برقی لائن اور ایریل بنڈل کیبل بچھانے کا کام شروع کر دیا۔
ترجمان لیسکو کے مطابق منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 132 کلومیٹر طویل ایریل بنڈل کیبل نصب کی جائے گی، جس پر تقریباً 30 کروڑ روپے کے اخراجات آئیں گے، یہ جدید کیبل نہ صرف بجلی چوری کی روک تھام میں مددگار ثابت ہو گی بلکہ اسے ٹمپر کرنا بھی ممکن نہیں ہو گا، جس سے ڈائریکٹ کنکشن کے ذریعے بجلی چوری کا سلسلہ مؤثر طور پر روکا جا سکے گا۔
لیسکو نے یہ منصوبہ نجی کمپنی کو آؤٹ سورس کیا ہے، جو نہ صرف کیبل بچھانے کا کام سرانجام دے گی بلکہ نئے میٹرز کی تنصیب بھی کرے گی، اس منصوبے کے تحت کھمبے لگانے کی ذمہ داری لیسکو خود ادا کرے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف بجلی کے ضیاع میں کمی آئے گی بلکہ صارفین کو بہتر اور بلا تعطل فراہمی بھی ممکن بنائی جا سکے گی۔