(لاہور نیوز) شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے کارروائی کر کےاقدام قتل کی 15 پر جھوٹی کال کرنیوالے ملزمان کوگرفتار کر لیا۔
فون کالر کے مطابق انہوں نے بتایا کہ ہمارے دوست کو 2 موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا ہے، ایس پی سٹی ڈویژن کی ہدایت پر فوری کال پر ریسپانس کرتے ہوئے پولیس ہسپتال پہنچ گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق زخمی اکبر اور گرفتار ساتھی تینوں موٹر سائیکل پر سوار تھے جبکہ معذور مبشر نے پسٹل سے زمین پر کھڑے پانی میں فائرنگ کی، پسٹل میں پھنسی گولی اچانک چلی جس سے درمیان میں بیٹھا اکبر زخمی ہو گیا۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ گولی جیب میں رکھے موبائل کو کراس کر کے اکبر کے کولہے پر جا لگی جس کے بعد ملزمان زخمی کو گھر لے گئے تاہم خون بند نہ ہونے پر ہسپتال پہنچے اور 15 پر پولیس کو جھوٹی کال کی، ملزمان دوران تفتیش زیادہ دیر پولیس کو چکما نہ دے سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضہ سے پسٹل برآمد کر کے مقدمہ درج کرنے کے بعد مزید تفتیش کیلئے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
