وزیراعلیٰ پنجاب کا کرنٹ لگنے کے واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چھت گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شہر میں پیش آنے والے دو افسوسناک حادثات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، ٹھوکر نیاز بیگ میں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے دو معصوم بچے جاں بحق ہو گئے۔
وزیراعلیٰ نے دونوں سانحات پر سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ پنجاب حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور دھاتی اشیا کو چھونے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، ضلعی انتظامیہ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن امدادی سہولیات فراہم کرے اور حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔